نئی دہلی،یکم نومبر (پریس ریلیز) ویمن انڈیا موؤمنٹ(WIM) کی قومی صدر مہرالنساء خان نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ تریپورہ میں معصوم مسلمان بچوں اور خواتین کو طرح طرح کے ظالمانہ مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ پورے ملک کیلئے باعث شرم واقعہ ہے۔ تریپورہ حکومت اس تشدد کیلئے مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس حکومت کو ایمانداری سے اس سچائی کو قبول کرتے ہوئے استعفی دے دینا چاہئے۔ ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر مہرالنساء خا ن نے اس با ت کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تشدد کو روکا جاسکتا تھا، اگر حکومت بنگلہ دیش کے واقعات کے بعد فعال اقدامات شروع کرنے کیلئے چوکس رہتی۔ افسوس کی بات ہے کہ آر ایس ایس تریپور ہ میں "گودھرا کانڈ" کو دہرانے کے درپے ہے۔ جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، ملک میں امن مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ جو لوگ اس کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں انہیں حکومت شکا ر کرکے جیلوں میں ڈال دیتی ہے۔ ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر مہرالنساء خان نے صدر جمہوریہ ہند سے پرزور درخواست کی کہ وہ تریپورہ حکومت کو تشدد کو ختم کرنے اور مجرموں کو سزا دینے اور فوری طور پر کارروائی کرنے پر مجبور کرنے کیلئے اقدامات شروع کریں۔